Skip to main content

جمعیت کا تعلیمی و تربیتی نظام

جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مدارسِ دینیہ کے طلبہ کو فرقہ پرستی، عصبیت اور قومیت سے بالاتر رکھتے ہوئے اقامتِ دین کے لیے تیار کرتی ہے۔ نصب العین کے حصول کے لیے سرگرم کارکنان کی ہمہ پہلو تربیت کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ یہ مراحل منزل کی طرف سفر کے سنگِ میل ہیں، منزل خود نہیں۔

جمعیت کے تربیتی مراحل

حامی

منزل کی طرف سفر کا پہلا قدم حامی ہے۔ مدارسِ دینیہ کے وہ طلبہ جو جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کی دعوت سے اتفاق کرتے ہوں اور تنظیمی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتے ہوں، وہ حامی فارم پُر کر کے جمعیت کے حامی بن جاتے ہیں۔

کارکن

مدارسِ دینیہ کا ہر وہ طالب علم جو حامی بننے کے بعد جمعیت کی سرگرمیوں میں باقاعدہ حصہ لیتا ہو اور جمعیت کے نظم کی اطاعت کرتا ہو، وہ جمعیت کا کارکن بن جاتا ہے۔

رفیق

کارکن بننے کے بعد طالب علم سے مزید ذمہ داریاں وابستہ کی جاتی ہیں اور اسے مختلف تربیت گاہوں سے گزارا جاتا ہے۔ ہر وہ طالب علم جو:

  1. جمعیت کے نصب العین اور طریقۂ کار کو صدقِ دل سے قبول کرتا ہو۔
  2. قرآن و سنت کی روشنی میں شرعی تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہو۔
  3. اپنی عملی زندگی میں جمعیت کے نصب العین کے حصول کی جدوجہد میں معاونت کا عہد کرتا ہو۔

وہ جمعیت کا رفیق بن جاتا ہے۔

امیدوار رکن

اسلامی مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والا ہر وہ طالب علم جو کسی دینی یا تعلیمی ادارے سے منسلک ہو یا نجی طور پر تعلیم حاصل کر رہا ہو، جمعیت کا امیدوار رکن بن سکتا ہے، بشرطیکہ:

  1. وہ پہلے سے جمعیت کا رفیق ہو۔
  2. گوشوارۂ رکنیت پُر کر کے نظمِ جمعیت کے حوالے کیا ہو۔
  3. نظمِ جمعیت اس کی سیرت و کردار سے مطمئن ہو۔
  4. جمعیت کی عملی سرگرمیوں میں شریک ہو۔
  5. تمام تربیتی و تعلیمی پروگرامات میں شرکت کو لازم بناتا ہو۔

رکن

اسلامی مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والا ہر وہ طالب علم جو کسی دینی یا تعلیمی ادارے سے منسلک ہو یا نجی طور پر تعلیم حاصل کر رہا ہو، جمعیت کا رکن بن سکتا ہے، بشرطیکہ:

  1. جمعیت کے نصب العین اور طریقۂ کار کو اپنی زندگی کا نصب العین اور طریقۂ کار قرار دے، جس کی تائید اس کا قول و عمل کر رہا ہو۔
  2. جمعیت کے قواعد و ضوابط کو سمجھ کر نظم کی پابندی کا عہد کرے۔
  3. دینی فرائض کی پابندی کرتا ہو اور کبائر سے اجتناب کرتا ہو۔
  4. کسی ایسی تنظیم سے وابستہ نہ ہو جس کے اغراض و مقاصد اور طریقۂ کار جمعیت کے نصب العین سے متصادم ہوں۔
  5. نظمِ جمعیت اس کے رکن بننے کی اہلیت پر مطمئن ہو۔
  6. الحبُّ للہ والبغضُ للہ کی عملی تصویر بنتے ہوئے جمعیت کی دعوت دوسروں تک پہنچانے کی سعی کرتا ہو۔

تعلیمی و تربیتی پروگرامات

جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان ایک ہمہ جہت تربیتی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد دینی مدارس کے طلبہ کی علمی، فکری، اخلاقی، روحانی، تنظیمی اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔ جمعیت کا تربیتی نظام ایسے باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار نوجوان تیار کرنے پر مرکوز ہے جو قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی لیتے ہوئے امتِ مسلمہ اور معاشرے کی مثبت تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

اسی مقصد کے لیے جمعیت سال بھر مختلف تعلیمی، تربیتی، فکری اور تنظیمی پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے، جن کے ذریعے طلبہ میں اعتدال، اخوت، نظم و ضبط، تحقیق، دعوت، خدمتِ دین اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور فروغ پاتا ہے۔

شب بیداری

روحانی تربیت جمعیت کے تربیتی نظام کا بنیادی جزو ہے۔ اسی مقصد کے تحت شب بیداری کے خصوصی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں نمازِ تہجد، تلاوتِ قرآن، اذکار، دعا، محاسبۂ نفس اور اصلاحی گفتگو کے ذریعے کارکنان میں تقویٰ، اخلاص، للہیت اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اجتماعی مطالعہ

مطالعہ ایک مؤثر طالب علم کی بنیادی ضرورت ہے۔ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور تحقیقی مطالعے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہفتہ وار اجتماعی مطالعہ منعقد کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے طلبہ میں مطالعے کا ذوق، تنقیدی فکر، تجزیاتی صلاحیت اور علمی وسعت پیدا ہوتی ہے۔

اسٹڈی سرکل

معاصر فکری اور علمی موضوعات پر گہرائی سے غور و فکر کے لیے مختلف سطحوں پر اسٹڈی سرکل منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان میں اسلامی معیشت، جدید فکری چیلنجز، عالمی اسلامی تحریکیں، تزکیۂ نفس، ادیانِ باطلہ، امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل، دعوت و ابلاغ اور دیگر اہم موضوعات پر علمی مباحث، مکالمہ اور تحقیق کا ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔